14 مارچ ، 2022
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید خان کی ملاقات ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم کو الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے نوٹس کا معاملہ زیر غور آیا۔
ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا کہ الیکشن کمیشن کے آرڈر کو عدالت میں چیلنج کر دیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں تحریک عدم اعتماد سے متعلق آئینی و قانونی آپشن پر بھی اٹارنی جنرل نے وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا (کے پی) میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو دیر کا دورہ کرنے سے منع کیا تھا لیکن الیکشن کمیشن کی ہدایت کے باوجود وزیراعظم نے دیر میں عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔