16 مارچ ، 2022
ق لیگ کی جانب سے حکومتی اتحادیوں کے مشترکہ فیصلے سے متعلق بیان پر بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کا ردعمل سامنے آگیا۔
’باپ‘ نے بھی ق لیگ کا اتحادیوں کے مشترکہ فیصلے سے متعلق بیان مسترد کر دیا۔ اس حوالے سے باپ سے تعلق رکھنے والی وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کی۔
زبیدہ جلال سے سوال کیا گیا کہ ’آپ باقی اتحادیوں سے مل کر فیصلہ کریں گی یا انفرادی؟‘ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہم انفرادی طور پر فیصلہ کریں گے،بلوچستان عوامی پارٹی ابھی مشاورت کررہی ہے، پارٹی اور بلوچستان کے مفاد کے مطابق فیصلہ کریں گے۔
زبیدہ جلال سے پوچھا گیا کہ ’ق لیگ نے کہا ہے اتحادیوں کا مشترکہ فیصلہ ہوگا؟‘ جس پر انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت اپنا فیصلہ خود کرے گی، ہم سیاسی جماعتوں سے مل رہے ہیں،کل ایم کیوایم اور آج ن لیگ آرہی ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ’جام کمال اور دوسرے گروپ کا الگ مؤقف ہے یہ معاملہ کب تک حل ہوگا؟‘ تو انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ بھی جلد حل ہوجائے گا۔