پاکستان

پی ٹی آئی کو پریڈگراؤنڈ میں جلسےکی اجازت، اپوزیشن کو H-9 گراؤنڈ میں جلسےکی تجویز

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 27 مارچ  کو پریڈگراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت دے دی ہے جب کہ پی ڈی ایم کو ایچ نائن گراؤنڈ میں جلسےکی تجویز  دی گئی ہے۔

 پی ٹی آئی نے انتظامیہ کی تجویز پر پریڈگراؤنڈ میں جلسےکے لیے درخواست ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرائی تھی۔

دوسری جانب  ضلعی انتظامیہ نے  پی ڈی ایم کو ایچ نائن گراؤنڈ میں جلسےکی تجویز دے دی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کو درخواست جمع کرانےکا کہا ہے تاکہ  ایچ نائن گراؤنڈ میں جلسےکے حوالے سے  سکیورٹی  اور دیگر سہولیات دی جاسکیں۔

اس  سے قبل اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے حکومت اور اپوزیشن کو ڈی چوک (ریڈزون) میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔

ذرائع کےمطابق تحریک انصاف نے وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کو ڈی چوک پر 27مارچ کے جلسے کی اجازت کے لیے درخواست دی تھی جب کہ اپوزیشن نے بھی اسی جگہ جلسے کی درخواست دے رکھی تھی  تاہم ضلعی انتظامیہ نے دونوں کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کا موقف تھا کہ ریڈ زون میں دفعہ 144 کا نفاذ ہے اور دونوں طرف سے ایک ہی جگہ جلسہ کرنے سے تصادم کا خدشہ ہے جس سے حالات بگڑ سکتے ہیں، ریڈ زون میں زیادہ لوگوں کے آنے سے سکیورٹی مسائل بھی ہوں گے۔

مزید خبریں :