Time 23 مارچ ، 2022
پاکستان

مائنس بزدار مطالبے سے دستبردار کرنے کیلئے حکومت کی ترین گروپ کو ترقیاتی فنڈز کی یقین دہانی

پاکستان تحریک انصاف کے جہانگیر ترین گروپ کو مائنس عثمان بزدار کے مطالبے سے دستبردار کروانے کے لیے حکومتی ٹیم میدان میں آگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کی ترین گروپ کے نعمان لنگڑیال اور عبدالحئی دستی سے ملاقات ہوئی جس میں ترین گروپ کے تحفظات اور شکایات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران ڈاکٹر مراد راس کا وفاقی وزیر پرویز خٹک سے بھی رابطہ ہوا اور حکومتی ٹیم نے ترین گروپ کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ترین گروپ کے اراکین نے پرویز خٹک کو وفاقی محکموں کے حوالے سے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق حکومتی اراکین نے ترین گروپ کو مائنس بزدار کے مطالبے سے دستبردار کروانے کی کوشش کی تاہم ترین گروپ کے اراکین کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین اور دوسرے اراکین کے مشورے کے بغیر کوئی قدم نہیں اٹھا سکتے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ترین گروپ اور حکومتی ٹیم کے درمیان 48 گھنٹوں میں ایک اور ملاقات کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل جیو نیوز کو انٹرویو میں ترین گروپ کے عون چوہدری نے کہا تھا کہ ہم وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تبدیلی کے اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔

مزید خبریں :