Time 23 مارچ ، 2022
پاکستان

کراچی میں ڈکیتی کی ایک اور بڑی واردات، تاجر سے سوا کروڑ روپے لوٹ لیے گئے

لوٹی جانے والی رقم میں 78 لاکھ روپے کے نئے نوٹ بھی شامل تھے: پولیس۔ فوٹو: فائل
 لوٹی جانے والی رقم میں 78 لاکھ روپے کے نئے نوٹ بھی شامل تھے: پولیس۔ فوٹو: فائل

کراچی: شہر قائد میں گزشتہ روز ڈکیتی کی ایک اور بڑی واردات میں ایک تاجر سے سوا کروڑ روپے لوٹ لیے گئے۔

پولیس کے مطابق تاجر سے سوا کروڑ روپے لوٹنے کی واردات کا واقعہ شاہراہ پاکستان پر پیش آیا، تاجر سوزو کی پک میں ایک کروڑ 15 لاکھ روپے لےکر قصور جا رہا تھا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ لوٹی جانے والی رقم میں 78 لاکھ روپے کے نئے نوٹ بھی شامل تھے، تاجر نے 78لاکھ روپے مالیت کے 10 روپے والے نئے نوٹ خریدے تھے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تاجر رمضان ساتھی اور ڈرائیور سمیت گاڑی میں ایف بی ایریا 17 سے گزر رہا تھا کہ دوسری گاڑی میں سوار تین ملزمان نے شاہراہ پاکستان پر تاجر کی گاڑی روکی۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے اسلحے کے زور پر رقم چھینی اور تاجر کی گاڑی میں فرار ہو گئے، متاثرہ تاجر قصور میں نوٹوں کے ہار بنانے کا کام کرتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تاجر سے رقم چھینے جانے کا مقدمہ سمن آباد تھانے میں درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی کراچی میں سونے کے ایک تاجر سے کروڑ روپے چھین لیے گئے تھے۔

مزید خبریں :