28 مارچ ، 2022
اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج ہوا جس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردی۔
اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک بھی شامل تھی جو ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی اجازت کے بعد ایوان میں پیش کردی گئی۔
اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے تحریک عدم اعتماد پیش کی جس کے بعد اس کے حامیوں اور مخالفین کی گنتی کی گئی، تحریک پیش کرنے پر ایوان میں اپوزیشن کے ارکان نے ڈیسک بجائے اور نعرے لگائے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے شروع ہوا اور جس وقت تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی اس وقت حکومتی اتحادیوں یا پی ٹی آئی کے منحرف ارکان میں سے کوئی ایوان میں موجود نہیں تھا۔
اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک پیش کردی گئی ہے اور یہ ملک کے تیسرے وزیراعظم ہیں جن کے خلاف تحریک پیش کی گئی ہے۔
اس سے قبل سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو اور شوکت عزیز کے خلاف عدم اعتماد پیش کی گئی تھی اور یہ دونوں تحریکیں ناکام ہوگئی تھیں۔