06 اپریل ، 2022
اسلام آباد: اپوزیشن رہنما شہبازشریف نے نگران وزیراعظم کے معاملے پر صدر کے خط پر جواب دے دیا۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے صدر مملکت عارف علوی کے نگران وزیراعظم کے لیے مشاورت کے خط کا جواب دیا جس میں انہوں نے نگران وزیراعظم کے لیے مشاورت سے انکار کردیا۔
شہباز شریف نے اپنے جواب میں صدر کو کہا کہ آپ نے مجھے دو خط لکھے ہیں جس میں نگران وزیراعظم کے لیے جسٹس (ر) گلزار احمد کا نام بھی دیا ہے تاہم سپریم کورٹ نے اس سارے معاملے پر از خود نوٹس لے رکھا ہے۔
شہباز شریف نے اپنے جواب میں مؤقف اپنایا کہ آپ معاملے پر جاری سپریم کورٹ کےحکم امتناع کی خلاف ورزی کررہےہیں اور آپ جتنی مشاورت کررہے ہیں یہ سب عدالتی احکامات اور قانون کی خلاف وزری ہے لہٰذا میں اس مشاورت کا حصہ نہیں بن سکتا۔
واضح رہے کہ تین اپریل کو وزیراعظم کی تجویز پر صدر مملکت عارف علوی نے قومی اسمبلی تحلیل کردی جس کے بعد صدر نے نگران وزیراعظم کے لیے مشاورت کی غرض سے عمران خان اور شہباز شریف کو خط لکھا۔
اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف نے نگران وزیراعظم کے لیے جسٹس (ر) گلزار احمد کا نام تجویز کیا ہے۔