09 اپریل ، 2022
وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کا معاملہ آج بھی تاخیر کا شکار ہے۔
اپوزیشن ارکان کیلئے افطاری کا انتظام پارلیمنٹ کی لابیز میں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق لابیز میں افطاری کا مقصد ارکان کی موجودگی یقینی بنانا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق توہین عدالت کی درخواست کی تیاری کی ذمہ داری زاہد حامد کو سونپ دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے 7 اپریل کو حکم دیا تھا کہ 9 اپریل کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے اور تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرائی جائے اور نئے وزیراعظم کے انتخاب سے قبل اجلاس ملتوی نہ کیا جائے۔
تاہم اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے سے انکار کردیا ہے۔ اپوزیشن ذرائع نے الزام عائد کیا ہے کہ اسد قیصر کا کہنا ہے کہ عمران خان سے 30 سالہ تعلق ہے جو ختم نہیں کرسکتا۔
ذرائع اپوزیشن کے مطابق اسپیکر نے کہا کہ توہین عدالت لگے یا نا اہل قرار دیا جاؤں، نتائج بھگتنے کیلئے تیار ہوں، مجھے جو بھی سزا ملے تیار ہوں مگر عمران سے بے وفائی نہیں کرسکتا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے بھی وفاقی کابینہ کا اجلاس رات 9 بجے طلب کرلیا ہے جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔