Time 17 اپریل ، 2022
پاکستان

فوج اورعوام کے درمیان پھوٹ پیدا کرنے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا: آرمی چیف

دشمن قوتیں عرصہ دراز سے یہ کوشش کر رہی ہیں لیکن وہ کامیاب نہیں ہوں گی، جنرل قمر جاوید باجوہ— فوٹو: فائل
دشمن قوتیں عرصہ دراز سے یہ کوشش کر رہی ہیں لیکن وہ کامیاب نہیں ہوں گی، جنرل قمر جاوید باجوہ— فوٹو: فائل 

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ فوج اورعوام کے درمیان پھوٹ پیدا کرنے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیاجائےگا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے گیریژن افسران اور ریٹائرڈ افسروں سے الگ الگ گفتگو کی جبکہ انہوں نے لاہور کور کی آپریشنل تیاریوں اور تربیت کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔

افسران سے گفتگو میں آرمی چیف کا کہنا تھاکہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے سے ریاستی سالمیت کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیاس آرائیوں اور افواہوں کا مؤثر مقابلہ کرنے کیلئے بروقت اور مشترکہ ردعمل کی ضرورت ہوتی ہے۔

 آرمی چیف کا کہنا تھاکہ فوج اورعوام کے درمیان پھوٹ پیدا کرنے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیاجائےگا، دشمن قوتیں عرصہ دراز سے یہ کوشش کر رہی ہیں لیکن وہ کامیاب نہیں ہوں گی۔

دوسری جانب آرمی چیف کا سی ایم ایچ لاہور کا دورہ کیا اور میجر حارث کی عیادت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھاکہ میجر حارث کے معاملے پر قانون اپنا راستہ لے گا اور زیر حراست ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

مزید خبریں :