Time 18 اپریل ، 2022
کاروبار

آئی ایم ایف سے تعاون اور تعلق برقرار رکھنا چاہتے ہیں: مفتاح اسماعیل

آئی ایم ایف سے تعاون اور تعلق برقرار رکھنا چاہتے ہیں: لیگی رہنما۔ فوٹو: فائل
آئی ایم ایف سے تعاون اور تعلق برقرار رکھنا چاہتے ہیں: لیگی رہنما۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ساتویں جائزہ مذاکرات آج ہوں گے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اس وقت آئی ایم ایف سے اجلاس کے لیے تیاری کر رہا ہوں، آئی ایم ایف سے تعاون اور تعلق برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے ساتویں جائزہ مذاکرات آج رات ہوں گے۔

دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ ساتویں جائزے کی منظوری کے لیے آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے تیل کے ریٹ اور پیٹرولیم لیوی بڑھائی جائے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف انکم ٹیکس سلیب میں رد و بدل کا مطالبہ بھی کر رہا ہے جبکہ آئی ایم ایف کو مختلف شعبوں کو حکومت پاکستان کی سبسڈی پر بھی اعتراض ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ توانائی کی قیمتوں میں اضافہ بھی آئی ایم ایف کے مطالبات میں شامل ہے، ساتویں جائزے کے مذاکرات کامیاب ہوئے تو پاکستان کو 1 ارب ڈالر قسط جاری ہو گی۔