Time 19 اپریل ، 2022
پاکستان

سانحہ مری کیس کی سماعت روز ہوگی، ایک ہفتے میں فیصلہ سنایا جائے گا: لاہور ہائیکورٹ

عدالت نے ٹی ایم اے مری اور سیکرٹری لوگل گورنمنٹ کو اگلی سماعت پر طلب کرلیا— فوٹو: فائل
عدالت نے ٹی ایم اے مری اور سیکرٹری لوگل گورنمنٹ کو اگلی سماعت پر طلب کرلیا— فوٹو: فائل

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے سانحہ مری کیس کی روزانہ سماعت کا اعلان کردیا۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے سانحہ مری کیس کی سماعت کی۔

لیگل ایڈوائزر ضلعی انتظامیہ ایڈووکیٹ سید محمد شاہ سمیت دیگر محکموں کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نےلیگل ایڈوائزر کو مری ہوٹل ایسوسی ایشن کےساتھ مل کرٹی اوآر طےکرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہوٹل ایسوسی ایشن کے ساتھ میٹنگ کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔

اس موقع پر جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کہا کہ کیس کی سماعت روزانہ کروں گا اور ایک ہفتے میں عدالت فیصلہ سنائےگی۔

وکیل درخواستگزار نے سوال اٹھایا کہ سانحہ والے دن آپریٹرز کے بجائے ہیلپرزاورٹیکنیشنز سےکام لیاگیا۔

عدالت نے محکمہ ہائی ویزمری کے عملے کی تقرریوں کی فہرست طلب کی اور ٹی ایم اے مری اور سیکرٹری لوگل گورنمنٹ کو اگلی سماعت پر طلب کرلیا۔

عدالت نے سانحہ کے بعد غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کےخلاف کارروائی کی بھی رپورٹ طلب کرلی۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل 20 اپریل تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ 7 جنوری کو رات گئے مری میں شدید برفباری اور سیاحوں کے رش کی وجہ سے صورتحال سنگین ہوگئی تھی جس سے 23 افراد گاڑیوں میں پھنسے رہنے کے باعث انتقال کرگئے تھے۔

سانحہ کے بعد سیاحتی مقام کو آفت زدہ قرار دے کر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔

مزید خبریں :