20 اپریل ، 2022
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر راشد منصور کی جانب سے لکھنے والے خط کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب نے پرنسپل سیکرٹری کو عہدے سے ہٹانے کے لیے چیف سیکرٹری کو خط لکھا دیا۔
ذرائع کے مطابق پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر کی جگہ اسپیشل سیکرٹری عمر سعید کو اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ گورنر پنجاب نے پرنسپل سیکرٹری کی جانب سے لکھے گئے خط پر اعتراض لگایا ہے کہ پرنسپل سیکرٹری کس طرح ازخود خط لکھ کر گورنر کو دباو میں لا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب نے پرنسپل سیکرٹری کے خطوط منظر عام پر آنے کے بعد انکوائری کی، گورنر پنجاب نے حکم دیا ہے کہ تحقیقات کی جائیں پرنسپل سیکرٹری کی خفیہ خط و کتابت میڈیا تک کیسے پہنچی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرنسپل سیکرٹری راشد منصور نے گورنر عمر سرفراز چیمہ کو دو خطوط لکھے تھے، پہلے خط میں گورنر پنجاب کو حمزہ شہباز سے حلف لینے کا کہا تھا جبکہ دوسرے خط میں گورنر کو موصول ہونے والی سیکرٹری اسمبلی کی رپورٹ کو ازخود مسترد کیا گیا تھا۔