22 اپریل ، 2022
لاہور: معطل سیکرٹری اسمبلی نے 16 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے اندر اور باہر پولیس کی کارروائی کو غیر قانونی قرار دے دیا۔
جیو نیوز کےمطابق معطل سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کوخط لکھا جو منظر عام پر آگیا ہے۔
معطل سیکرٹری نے 16 اپریل کو اسمبلی کے باہر اور فلورپرپولیس کے ایکشن کوغیرقانونی قراردیا ہے جب کہ خط میں پولیس اور انتظامی افسران کےناموں کی تفصیل بھی مانگی گئی ہے۔
خط میں کہا گیا ہےکہ 16 اپریل کو اسمبلی میں تعینات افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔
اس کے علاوہ خط میں ڈپٹی اسپیکر پر تشدد کرنے والے حکومتی ارکان اسمبلی سے متعلق وضاحت بھی مانگی گئی ہے۔
دوسری جانب ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے معطل سیکرٹری کا خط غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ محمد خان بھٹی کو معطل کرکے ان کے خلاف انکوائری جاری ہے۔
واضح رہےکہ پنجاب اسمبلی میں 16 اپریل کو وزیراعلیٰ کے انتخاب کے موقع پر شدید ہنگامہ آرائی ہوئی تھی جس دوران پی ٹی آئی ارکان نے اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جب کہ اس موقع پرپولیس کی بھاری نفری بھی اسمبلی پہنچی تھی۔