23 اپریل ، 2022
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے پچھلے اجلاس کو عمران نیازی نے دوسرا رنگ دینے کی کوشش کی ، پی ٹی آئی ملک کے کلیدی مفادات اور سفارت کاری سے کھیل رہی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی دو بڑی انٹیلی جینس ایجنسیوں سے رپورٹ لی گئی، دونوں نے کہا کہ کوئی سازش نہیں ہوئی۔
احسن اقبال نے کہا کہ مراسلہ بھیجنے والے سفیر سے بھی سوال ہوئے اگر وہ کہہ دیتے کہ سازش ہوئی ہے تو نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا یہ اعلامیہ نہ آتا۔
اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کو کیوبا اور شمالی کوریا بنانا چاہتے ہیں ۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں امریکا میں تعینات سابق پاکستانی سفیر اسد مجید نے مبینہ دھمکی آمیز مراسلے پر بریفنگ دی۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ خفیہ اداروں نے مراسلے کی تحقیقات کیں، دوران تحقیقات غیرملکی سازش کے ثبوت نہیں ملے۔ سکیورٹی اداروں کی تحقیقات کا نتیجہ یہ نکلا کہ کوئی بیرونی سازش نہیں ہوئی، اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔