23 اپریل ، 2022
خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن فیصل زمان کے ایم پی اے ہاسٹل سے فرار ہونے کی ویڈیو جیو نیوز نے حاصل کر لی۔
جیو نیوز کو حاصل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فیصل زمان ایم پی اے ہاسٹل سے نکل کر کالے رنگ کی گاڑی میں سوار ہوئے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہاسٹل سے روانگی کے وقت کسی سکیورٹی اہلکار نے فیصل زمان کی گاڑی کو نہیں روکا۔
ذرائع کے مطابق اسمبلی سیشن ختم ہونے کے 42 دن گزرنے کے باوجود فیصل زمان کو جیل نہیں بھیجا گیا تھا۔
فیصل زمان کی درخواست ضمانت انسداد دہشتگردی کی عدالت اور ہائیکورٹ نے مسترد کر دی تھی جبکہ ایبٹ آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے فیصل زمان کے خلاف کیس کا فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے فیصل زمان کی نقل و حرکت پر پابندی بھی لگا رکھی تھی۔
یاد رہے کہ فیصل زمان پر پاکستان تحریک انصاف کے 2 کارکنوں کو قتل کرنے کا الزام ہے۔