06 مئی ، 2022
اسلام آباد ہا ئیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شہبازگل کو گرفتار کرنے سے روکنے کے حکم میں 9 مئی تک توسیع کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے شہباز گل کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں پی ٹی آئی رہنما عدالت میں پیش ہوئے۔
شہباز گل نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ کبھی کسی کے خلاف مقدمہ درج نہیں کرایا،پیکا آرڈیننس کا سہارا بھی نہیں لیا۔
اس موقع پر جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیےکہ ہم تنقید کو ویلکم کرتےہیں، اگر آئین اور اداروں کا احترام نہیں ہوگا تو افراتفری ہوگی، اگر ساری چیزیں سیاسی بیانیے پر چلنی ہیں تو اختتام انتشار پر ہی ہوگا، سیاسی جماعتیں رائےعامہ ہموارکرتی ہیں اور سیاسی رہنما کا بڑا کردار ہوتا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے توہین مذہب کے کیس میں شہباز گل کو گرفتار کرنے سے روکنے کے حکم میں 9 مئی تک توسیع کردی اور انہیں آئندہ سماعت پر پیشی سے استثنیٰ دے دیا۔
عدالت نے شہبازگل کے کیس کو توہین مذہب کے دیگر کیسز کے ساتھ منسلک کرنے کا حکم بھی دیا۔