عجیب بیماری میں مبتلا لڑکی، پانی تیزاب محسوس ہونے لگا

پانی سے الرجی کی بیماری 2 کروڑ میں سے ایک شخص کو لاحق ہوتی ہے۔ فوٹو: فائل
پانی سے الرجی کی بیماری 2 کروڑ میں سے ایک شخص کو لاحق ہوتی ہے۔ فوٹو: فائل

جیسے جیسے سائنس ترقی کرتی جا رہی ہے اس کے ساتھ ساتھ عجیب و غریب بیماریاں بھی سامنے آ رہی ہیں۔

ایسی ہی ایک عجیب بیماری میں امریکی ریاست ایری زونا سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ لڑکی ابی گیل بیک بھی مبتلا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جواں سالہ میں لڑکی تین سال قبل پانی سے الرجی کا مسئلہ پہلی مرتبہ سامنے آیا تھا، یہ نایاب کیس 2 کروڑ میں سے ایک فرد میں پایا جاتا ہے اور اب تک صرف 100 افراد میں یہ نایاب بیماری رپورٹ ہو چکی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق یہ بیماری عموماً بلوغت کے وقت رونما ہوتی ہے اور مریضوں کو پانی کی کمی پوری کرنے والی ادویات استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

ابی گیل بیک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جب کبھی بارش ہوتی ہے یا کبھی نہانے کے لیے شاور لیتی ہوں تو ایسا لگتا ہے کہ جیسے کسی نے جسم پر تیزاب پھینک دیا ہو۔

متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ اس بیماری کی وجہ سے ایک سال کے عرصے میں ایک گلاس پانی بھی نہیں پیا، پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے انرجی ڈرنکس یا انار کا جوس استعمال کرتی ہوں۔

امریکا سے تعلق رکھنے والی لڑکی کا بتانا ہے کہ جب وہ روتی ہے تو آنکھوں سے نکلنے والے آنسو بھی اس قدر اذیت پہنچاتے ہیں کہ ان سے جلد جلنے لگتی ہے اور چہرہ لال سرخ ہو جاتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق یہ خیال کیا جاتا ہے کہ پانی میں کوئی ایسا مرکب موجود ہوتا ہے جسے انسان کا نظام ہاضمہ قبول نہیں کرتا، ایسے زیادہ تر کیس انفرادی سطح پر سامنے آئے ہیں ان کا خاندان کے افراد سے کوئی تعلق نہیں پایا گیا۔

اس نایاب بیماری میں مبتلا لڑکی کا کہنا ہے کہ جب بھی کھانے پینے کی کوئی چیز خریدتی ہوں تو سب سے پہلے اس میں شامل اجزاء کا معائنہ کرتی ہوں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ہر چیز میں پانی شامل ہوتا ہے۔

متاثرہ لڑکی کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب میں لوگوں کو بتاتی ہوں کہ مجھے پانی سے الرجی ہے تو وہ بہت زیادہ حیران ہوتے ہیں اور بہت سے لوگوں کو تو میری بات پر یقین ہی نہیں آتا۔

مزید خبریں :