17 مئی ، 2022
کراچی میں دہشتگردی کے واقعات کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی اور قومی ائیرلائن پی آئی اے کے دفاتر کی سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی میں پی آئی اے ، سی اے اے ہیڈکوارٹرز اور تمام شعبوں کی سکیورٹی سخت کرنے اور ویجلینس بڑھانے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔
سکیورٹی اقدامات کے تحت بلا ضرورت ائیرپورٹ اور دفاتر آنے والے وزیٹرز کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے جب کہ سی اے اے اور پی آئی اے دفاتر میں ویجلینس کو ہر وقت تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام شعبوں میں ویجلینس بڑھانے کی ہدایت کے ساتھ ساتھ سی اے اے اور پی آئی اے دفاتر میں کوئیک رسپانس فورس کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی۔
تمام شعبوں میں کام کرنے والے پی آئی اے اور سی اے اے عملے کے لیے آئی ڈی کارڈ پہننے کو لازم قرار دیا گیا ہے جب کہ دفاتر کے اطراف مشتبہ باکس یا بیگز پر بھی نظر رکھنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کو مکمل فنکشنل رکھنے اور ائیرپورٹ کے اطراف پی آئی اے، سی اے اے کی ویجلینس ٹیموں کو پیٹرولنگ کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔