18 فروری ، 2012
اسلام آباد … ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔کوڑک ٹاپ کو پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کے لیے ایک بار پھر بند کردیا گیا ہے۔شمالی بلوچستان کے بیشترحصوں میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ کوڑک ٹاپ ،زیارت ،کان مہتر زئی توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی سمیت مختلف بالائی پہاڑی علاقوں میں ایک ہفتے بعد ہونے والی برفباری کے نتیجے میں رابطہ سڑکیں بندہوگئی ہیں۔ کوڑک ٹاپ بھی پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کیلیے بند کردی گئی ہے۔گلگت کے بالائی مقامات پر برفباری سے گلگت ڈویژن کے تمام علاقے ایک بار پھر سخت سردی کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویڑن میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں اور سردی کی لہر بدستوربرقرار ہے۔بلتستان ڈویڑن کے پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی ہلکی برفباری سے کچھ علاقوں میں پائپ لائنوں میں پانی جمنے سے پانی کے فراہمی متاثر جبکہ بالائی مقامات کا ڈیڑھ ماہ سے زمینی رابطہ منقطع ہے،شمالی وزیرستان کے علاقوں رزمک اور شوا ل میں بھی برف باری کی وجہ سے موسم انتہائی سرد ہے۔