18 فروری ، 2012
لندن … برطانوی کابینہ کی رکن سعیدہ وارثی کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں رہتے ہوئے انھوں نے بھی نسلی تعصب اورسماجی بے انصافی کادکھ جھیلاہے۔جس کے خلاف انھوں نے مہم بھی چلائی تھی۔برٹش پاکستانی فاوٴنڈیشن کے تحت برطانوی دارالامراء میں ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے سعیدہ وارثی نے بتایا کہ برطانیہ میں نسلی تعصب اورسماجی بے انصافی کے خلاف انھوں نے اپنے زمانہ طالب علمی میں نسلی مساوات کیلیے مہم چلائی تھی۔انھوں نے اپنی سیاست میں دلچسپی سے متعلق بتایا اورکہاکہ وہ ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کی خواہشمند ہیں۔سعیدہ وارثی نے واضح کیاکہ دوہزارپانچ میں برطانوی مساجد میں یہ بحث چل رہی تھی کہ خواتین کو الیکشن میں کھڑے ہونے کی اجازت ہونی چاہیے یانہیں۔ان کاکہنا تھا کہ وہ ہرقسم کے نسلی ،سماجی اور ثقافتی تعصبات کے خلاف ہیں۔