27 جون ، 2022
لاہور میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈ یالوجی ( پی آئی سی)سے دوائیں اور دل کے آپریشن میں استعمال ہونے والا سامان بڑی تعداد میں چوری ہونے لگا۔
پی آئی سی کے نئے ایم ایس ڈاکٹر فاروق نے انکشاف کیا ہے کہ چند روز پہلے 5 کروڑ روپے مالیت کا سامان چرا لیا گیا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پی آئی سی کے ایم ایس ڈاکٹر فاروق نے بتایا کہ اسپتال کے اپنے ہی ملازمین کمپنیاں بنا کر ان کے ذریعے سامان سپلائی کرتے ہیں،کئی سال سے پارکنگ، کینٹین،صفائی،ادویات اور سپلائی کے ٹھیکے ایک شخص کے پاس ہیں اور میڈیسن ،سرجیکل اسٹور کا کوئی کمپیوٹر ئزاڈ ریکارڈ نہیں۔
ایم ایس نے مزید بتایا کہ پی آئی سی میں صفائی کی مد میں ٹھیکیدار کو 54 لاکھ روپے دیے جاتے ہیں، صفائی کا عملہ 180 افراد پر مشتمل ہے جبکہ کام پر صرف 80 ملازمین آتے ہیں۔
ڈاکٹر فاروق کا کہنا ہے کہ کرپشن کی بہتی گنگا میں اسپتال کے ملازمین ،ڈاکٹرز اور دیگر افراد بھی ہاتھ دھو رہے ہیں ،ایسے عناصر کے خلاف تحقیقات شروع کی جائے تو یہ احتجاج کرتے ہوئے او پی ڈی بند کردیتے ہیں۔