کاروبار
Time 03 جولائی ، 2022

تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافےکے بعد امارات میں پیٹرول کی قیمتوں میں کتنا اضافہ ہوا؟

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے دبئی اور شارجہ میں ٹیکسی اور بس کے کرائے بھی بڑھ گئے ہیں—فوٹو فائل
پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے دبئی اور شارجہ میں ٹیکسی اور بس کے کرائے بھی بڑھ گئے ہیں—فوٹو فائل

خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے جنوری 2022 سے متحدہ عرب امارات میں پیٹرول کی قیمتوں میں 74 فیصد سے زیادہ  اضافہ ہوا ہے۔

فروری میں شروع ہونے والی روس یوکرین جنگ کے بعد سے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر میں مہنگائی کی لہر ایک بڑا مسئلہ بن گئی ہے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق امارات میں فروری میں سپر 98 پیٹرول 2.65 درہم فی لیٹر (149.41 پاکستانی روپے)  میں فروخت ہوتا تھا جو اب جولائی میں بڑھ کر 4.63 درہم فی لیٹر (262.5 پاکستانی روپے) ہوگیا ہے۔

امارات میں مئی میں پیٹرول کے نرخوں میں قدرے کمی آئی تھی لیکن جولائی میں ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے مہینے اضافہ ہوا۔

امارات میں اسپیشل 95 پیٹرول کی قیمت 4.52 درہم فی لیٹر (254.85پاکستانی روپے) ہے جب کہ ای پلس 91 پیٹرول کی قیمت 4.44 درہم فی لیٹر (250.34 پاکستانی روپے) ہو گئی ہے۔

امارات میں ایندھن کی قیمتیں ہر ماہ پچھلے مہینے میں عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت کے اتار چڑھاؤ کی بنیاد پر ایڈجسٹ کی جاتی ہیں۔

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے دبئی اور شارجہ میں ٹیکسی اور بس کےکرائے بھی بڑھ گئے ہیں۔

مزید خبریں :