Time 06 جولائی ، 2022
پاکستان

مویشی منڈی کے بیوپاری نے مزاحمت کرکے 7 لاکھ روپے بچالیے، جان کھو دی

مویشی منڈی میں بکرے فروخت کرکے 35 سالہ سراج نامی شخص اپنے دوست کے ساتھ شہر کی طرف آ رہا تھا— فوٹو: فائل
مویشی منڈی میں بکرے فروخت کرکے 35 سالہ سراج نامی شخص اپنے دوست کے ساتھ شہر کی طرف آ رہا تھا— فوٹو: فائل 

کراچی سپر ہائی وے پر قائم مویشی منڈی میں جانور بیچ کر نکلنے والے بیوپاری نے ڈکیتی کی واردات تو ناکام بنادی مگر مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے خود جان سے گیا۔

پولیس کے مطابق عید قرباں کے سلسلے میں کراچی سپر ہائی وے پر سجی مویشی منڈی میں بکرے فروخت کرکے 35 سالہ سراج نامی شخص اپنے دوست کے ساتھ شہر کی طرف آ رہا تھا کہ جمالی پل کے قریب موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے انہیں اسلحہ کے زور پر روک لیا۔

عینی شاہدین کے مطابق اس دوران محمد سراج نے مزاحمت کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے سراج کے سینے میں گولی لگی اور وہ شدید زخمی ہوا، اس دوران ملزمان فرار ہوگئے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق زخمی کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال روانہ کیا گیا تاہم ڈاکٹروں کے مطابق اس دوران وہ جاں بحق ہو چکا تھا۔

سائٹ سپر ہائی وے پولیس کے مطابق مقتول کے نام کے سوا مزید کوئی تفصیلات دستیاب نہیں اور نہ ہی یہ معلوم ہو سکا کہ متوفی کا تعلق کس علاقے سے ہے۔

مزید خبریں :