16 جولائی ، 2022
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو خصوصی مکتوب لکھ کر سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف باہمی اشتراک سے کارروائی کرنے کی سفارشات کردیں، ان کا کہنا ہےکہ لسانیت اور عصبیت کو فروغ دینے والے سوشل میڈیا صارفین کی باقاعدہ مانیٹرنگ کا آغاز کردیا ہے۔
آئی جی سندھ نے مکتوب میں سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے، اخلاق باختہ پوسٹ یا افواہیں پھیلانے والے عناصر کے خلاف باہم اشتراک سے کارروائی کرنےکی سفارشات ارسال کی ہیں۔
آئی جی سندھ کا کہنا ہےکہ سندھ پولیس اور ایف آئی اے باہم اشتراک سے ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کا آغاز کرنے جارہے ہیں جو سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے یا عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کے مرتکب ٹھہرائے جائیں گے، سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کرنے، لسانیت وعصبیت کو فروغ دینے یا دیگر غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث اکاؤنٹس اور سوشل میڈیا صارفین کی باقاعدہ مانیٹرنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔
غلام نبی میمن کا کہنا ہےکہ امن وامان کے حوالے سے یا علاقوں میں خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی، عوام سے اپیل ہے کہ وہ سڑکوں، بازاروں، مارکیٹوں کی بندش یا لسانیت و عصبیت کے حوالے سےکسی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہےکہ امن وامان کے قیام اور بھائی چارگی کے فروغ جیسے اقدامات میں پولیس سے تعاون کو قومی فریضہ سمجھ کر انجام دیں۔