دنیا
Time 18 جولائی ، 2022

'میں اصلی مو فرح ہوں' ترکی میں مقیم 39 سالہ شخص کا دعویٰ

اولمپک ایتھلیٹ سر مو فرح / فائل فوٹو
اولمپک ایتھلیٹ سر مو فرح / فائل فوٹو

ترکی میں مقیم 39 سالہ صومالی نژاد شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ 'اصلی' مو فرح ہے۔

یہ دعویٰ اس وقت سامنے آیا ہے جب ایک دستاویزی پروگرام کے دوران برطانیہ کے 4 بار کے اولپمک چیمپئن ایتھلیٹ سر مو فرح (محمد فرح) نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں بچپن میں کسی اور بچے کے نام پر غیر قانونی طور پر برطانیہ اسمگل کیا گیا تھا۔

اس دستاویزی پروگرام 'دی رئیل مو فرح' کے دوران اولمپک ہیرو نے کہا کہ ان کا پیدائشی نام حسین عبدی کاہن تھا اور والد کی موت کے بعد انہیں صومالیہ سے برطانیہ منتقل کرنے کے دوران ان کا نیا نام رکھا گیا تھا۔

محمد فرح کے نام سے انہیں بعد میں برطانوی شہریت بھی مل گئی تھی۔

سر مو فرح نے پروگرام کے دوران بتایا کہ 'میں اکثر اس محمد فرح کے بارے میں سوچتا ہوں جس کی جگہ مجھے طیارے میں بٹھایا گیا تھا اور امید کرتا ہوں کہ وہ ٹھیک ہوگا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'وہ جہاں بھی ہو میں اس کا نام لے کر گھوم رہا ہوں اور اس کے باعث اب میرے اور میرے خاندان کے لیے مسائل پیدا ہورہے ہیں'۔

میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق 'اصلی' محمد فرح استنبول کی ایک یونیورسٹی میں زیرتعلیم ہے اور وہ 2 سال قبل ترکی منتقل ہوا تھا مگر اس کا خواب برطانیہ جانا ہے۔

اس شخص نے اصلی مو فرح ہونے کا دعویٰ کیا ہے / فوٹو بشکریہ میل آن لائن
اس شخص نے اصلی مو فرح ہونے کا دعویٰ کیا ہے / فوٹو بشکریہ میل آن لائن

اس کے ایک رشتے دار نے بتایا کہ محمد اتنے عرصے تک خاموشی سے مشکلات کا سامنا کرتا رہا، وہ جانتا تھا کہ کوئی اور اس کے نام سے وہ کارنامے سرانجام دے رہا ہے جس کے وہ صرف خواب ہی دیکھ سکتا ہے۔

اس کا کہنا تھا کہ محمد افریقا میں پھنس گیا جبکہ دوسرے لڑکے کو لندن میں متعدد مواقع مل گئے، مگر وہ اس پر غصہ نہیں، بس وہ اس بارے میں بات کرنا پسند نہیں کرتا۔

رشتے دار نے کہا کہ محمد کو توقع ہے کہ وہ جلد کسی یورپی ملک میں منتقل ہوجائے گا، وہ ہمیشہ سے لندن میں رہنے کا خواب دیکھتا آیا ہے۔

دستاویزی پروگرام کے دوران مو فرح نے کہا تھا کہ ماضی کے بارے میں بات کرنے سے انہیں مضبوطی ملی ہے اور اپنی زندگی کے لیے متعدد افراد کے قرضدار ہیں۔

دوسری جانب برطانوی محکمہ داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ اس کا اولمپک ایتھلیٹ کے خلاف کارروائی کا ارادہ نہیں۔

اسی طرح برطانوی وزیراعظم کے ترجمان نے کہا کہ مو فرح ایک ہیرو ہیں اور ملک بھر میں لوگوں کو متاثر کررہے ہیں۔

مزید خبریں :