Time 22 جولائی ، 2022
پاکستان

آصف زرداری کا نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ، پرویز الٰہی کو مشترکہ امیدوار بنانے پر بات چیت

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے میاں نواز شریف سے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

 ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے میاں نواز شریف سے پرویز الٰہی کو  پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا مشترکہ امیدوار بنانے کے حوالے سے گفتگو کی۔

دوسری جانب بعد ازاں  وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہوئی کہ پرویزالٰہی ن لیگ اور ق لیگ کے مشترکہ اُمیدوار ہوں، ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار صرف حمزہ شہباز ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پر امید ہیں کہ حمزہ شہباز ہی وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوں گے۔

واضح رہے کہ آصف زرداری گزشتہ روز کئی گھنٹوں سے مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر موجود تھے۔

یاد رہے کہ  وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا فیصلہ آج ہوگا، مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ مسلم لیگ ق کے چوہدری پرویز الہٰی پھر آمنے سامنے ہیں۔

دونوں طرف سے کامیابی کے پیشگی دعوے بھی کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :