Time 24 جولائی ، 2022
کھیل

نمیبیا ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ایک شاندار موقع ہے: سی ای او لاہور قلندرز

پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اس سطح کے ٹورنامنٹ میں آمنے سامنے ہوں گے :رانا عاطف/فوٹوفائل
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اس سطح کے ٹورنامنٹ میں آمنے سامنے ہوں گے :رانا عاطف/فوٹوفائل

لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے نمیبیا کے ٹورنامنٹ کو نوجوانوں کے لیے اہم قرار  دے دیا۔

لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ نمیبیا میں ہونے والی گلوبل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں میزبان ملک کی قومی ٹیم کے علاوہ بھارت سے بنگال اور  پاکستان سے لاہور قلندرز کے قلندرز  ہائی پرفارمنس سینٹر کی ٹیم حصہ لے گی جبکہ ایک ٹیم ساؤتھ افریقا کی بھی ہے۔

 انھوں نے کہا کہ کلاس آف 22 کے کھلاڑی 25 اگست کو نمیبیا روانہ ہوں گے، ان کھلاڑیوں کا انتخاب ٹرائلز سے کیا گیا ہے اور ٹرائلز کے موقع پر یارکشائر کاؤنٹی کے ڈیرن گف بھی موجود تھے۔

عاطف رانا  کے مطابق لاہور قلندرز کے ہائی پرفارمنس سینٹر کے نوجوان کھلاڑی یکم ستمبر سے چار ٹیموں کے ٹورنا منٹ میں حصہ لیں گے، ایونٹ میں بھارت اور ساؤتھ افریقا کی ٹیموں کے علاوہ نمیبیا کی قومی ٹیم حصہ لے گی۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اس سطح کے ٹورنامنٹ میں آمنے سامنے ہوں گی اور یہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک شاندار موقع ہے، انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا اور  انہیں ایکسپوژر  بھی ملے گا۔

 سی ای او لاہور قلندرز نے مزید کہا کہ پاکستان اے ٹیم کے ٹورز پہلے بند ہو  چکے ہیں، اس ٹورنامنٹ سے انہیں تجربہ ملے گا اور جب وہ قلندرز یا پاکستان کی ٹیم میں آئیں گے تو انہیں اس تجربے کا فائدہ ہو گا۔

مزید خبریں :