Time 26 جولائی ، 2022
پاکستان

پاکستانی علماء کے وفد کی کابل میں کالعدم ٹی ٹی پی کی قیادت سے ملاقات

ٹی ٹی پی کے وفد کی قیادت مفتی نور ولی محسود کر رہے تھے، ٹی ٹی پی وفد نے علماء کو پاکستانی حکام کے ساتھ مذاکرات میں حائل رکاوٹوں سے آگاہ کیا، ذرائع— فوٹو: جیو نیوز
ٹی ٹی پی کے وفد کی قیادت مفتی نور ولی محسود کر رہے تھے، ٹی ٹی پی وفد نے علماء کو پاکستانی حکام کے ساتھ مذاکرات میں حائل رکاوٹوں سے آگاہ کیا، ذرائع— فوٹو: جیو نیوز

پاکستان سے افغانستان گئے ہوئے جید علماء کے وفد اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی  پی) کے ارکان کے مابین کابل میں اہم ملاقات ہوئی۔

ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے وفد کی قیادت مفتی نور ولی محسود کر رہے تھے۔ 

ذرائع نے بتایا کہ ٹی ٹی پی وفد نے علماء کو  پاکستانی حکام کے ساتھ مذاکرات میں حائل رکاوٹوں سے بھی آگاہ کیا۔

اسلام آباد سے گزشتہ روز کابل پہنچنے والے پاکستانی جید علماء کے وفد کی قیادت مفتی تقی عثمانی کر رہے ہیں۔ پاکستانی علماء نے کالعدم ٹی ٹی پی کے تحفظات سنے اور اس سلسلے میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔

کالعدم تحریک طالبان کے وفد نے مذاکرات کے دوران 8 صفحات پر مشتمل ڈوزیئر پاکستانی علماء کے وفد کے حوالے کیا جس میں کالعدم ٹی ٹی پی قیادت کا اہم نکتہ نظر سامنے آیا کہ ٹی ٹی پی پاکستان دشمن تنظیم ہے اور نہ ہی ملک دشمن قوتوں کے زیر اثر ہے۔

کالعدم ٹی ٹی پی کا یہ مؤقف بھی سامنے آیا کہ قبائل کی آزاد حیثیت کو ختم کرنا کسی صورت ممکن نہیں، اہم نکات کے مطابق نظریہ پاکستان کو عملی جامہ پہنانا ترقی کا ضامن ہے۔

پاکستانی علماء کا وفد امارات اسلامیہ کی قیادت سے بھی ملاقات کرے گا۔   امارات اسلامیہ کی دعوت پر ‏پاکستانی جید علماء کا وفد پیر کی شام اسلام آباد سے افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچا تھا۔

پاکستانی علماء کے وفد میں مفتی تقی عثمانی، مختارالدین شاہ کربوغہ، حنیف جالندھری، مولانا محمد طیب پنج  پیر، مولوی انوارلحق، شیخ ادریس اور مفتی غلام الرحمٰن شامل ہیں۔

مزید خبریں :