Time 29 جولائی ، 2022
کھیل

عمران طاہر اور کولن منرو بھی پاکستان جونیئر لیگ کی ٹیموں کے مینٹور مقرر

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

جنوبی افریقا کے لیگ اسپنر عمران طاہر اور نیوزی لینڈ کے جارحانہ مزاج بیٹرکولن منرو کو بھی پاکستان جونیئر لیگ(پی جے ایل) کی ٹیموں کا مینٹور مقرر کر دیا گیا ۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے سابق کپتان شاہد آفریدی ، شعیب ملک اور ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی کے بعد جنوبی افریقا کے عمران طاہر اور نیوزی لینڈ کے کولن منرو کو بھی پاکستان جونئیر لیگ کی ٹیم کا مینٹور مقرر کیا ہے  جبکہ لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد کو پہلے ہی ٹورنامنٹ کا مینٹور مقرر کیا جاچکا ہے۔ 

پی سی بی کے مطابق ایونٹ کی چھٹی ٹیم کے لیے مینٹور کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

20 ٹیسٹ،107 ون ڈے اور 38 ٹی ٹوئنٹی میچز میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کرنے والے عمران طاہر کا کہنا ہے کہ لاہور ان کا آبائی شہر ہے اور پاکستان جونیئر لیگ میں ٹیم مینٹور کی حیثیت سے شرکت کے لیے لاہور واپسی پر وہ بہت خوش ہیں۔

 نیوزی لینڈ کی جانب سے 65 ٹی ٹوئنٹی اور 57 ون ڈے میچز کھیلنے والے کولن منرو کا کہنا ہے کہ پی جے ایل پاکستان کی کرکٹ میں گیم چینجر ثابت ہوگی،وہ پاکستان جونیئر لیگ میں شرکت کے منتظر ہیں۔

واضح رہے کہ 6 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کا افتتاحی ایڈیشن 4 سے 17 اکتوبر تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :