01 اگست ، 2022
کراچی کے مصروف ترین کاروباری علاقے آئی آئی چندریگر روڈ کے سنگم شاہین چوک پر ٹوٹی ہوئی سیوریج لائن کی مرمت کا کام تین روز گزر جانے کے باوجود مکمل نہیں ہوسکا بلکہ شروع کیا گیا کام بھی سست روی کا شکار ہے۔
کراچی میں سپریم کورٹ رجسٹری کے قریب آئی آئی چندریگر روڈ، ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ، ایم آر کیانی روڈ اور ایلنڈ روڈ کو ملانے والے شاہین چوک کے عین وسط میں ہفتے کی دوپہر 66 انچ قطر کی سیوریج لائن 10 سے 12 فٹ تک اچانک بیٹھ گئی تھی اور بہت بڑا گڑھا پڑ گیا تھا۔
سڑک سے لگ بھگ دس فٹ گہرے گڑھے سے سیوریج لائن سے پانی کا تیز بہاؤ بھی دکھائی دے رہا تھا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کے مطابق اس مقام پر مرمت کا کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا تھا جو اتوار کو بھی دن بھر جاری رہا۔
پیر کی شام تک اس مقام پر سڑک کو کافی حد تک کھود دیا گیا تھا، 66 انچ قطر کے سیوریج کے پائپ بھی پہنچا دیے گئے تھے مگر پائپ بچھانے کا کام شروع نہیں ہوا تھا، مشینری اور مزدور موجود تھے جو نہ جانے کس چیز کا انتظار کر رہے تھے۔
اس مرمتی کام کی وجہ سے شہر کے اس مرکزی مقام پر پانچ مرکزی شاہراہ سے ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے۔ شہریوں کو دور دراز سے گھوم کر آئی آئی چندریگر روڈ پر آنا پڑ رہا ہے، شہریوں کے مطابق خدانخواستہ اگر بارش ہو جاتی ہے تو علاقے میں صورتحال مزید گھمبیر ہو جائے گی۔