Time 02 اگست ، 2022
پاکستان

جاوید اقبال سے لاپتہ افراد کمیشن کے سربراہ کا عہدہ واپس لیا جائے: پی اے سی کا وزیر اعظم کو خط

کمیٹی نے طیبہ گل کیس وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کو بھجوا دیا اور فیصلہ آنے تک معاملے کو مؤخر کردیا— فوٹو: فائل
کمیٹی نے طیبہ گل کیس وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کو بھجوا دیا اور فیصلہ آنے تک معاملے کو مؤخر کردیا— فوٹو: فائل

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے سابق چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال کو لاپتہ افراد کمیشن کے سربراہ کے عہدے سے ہٹانے کیلئے وزیر اعظم کو خط لکھ دیا۔

کمیٹی نے طیبہ گل کیس وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کو بھجوا دیا اور فیصلہ آنے تک معاملے کو مؤخر کردیا۔

پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نور عالم خان کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔

اس موقع پر چیئرمین کمیٹی نور عالم نے کہاکہ کوئی بھی سیاستدان ،جج ،جرنیل یا بیوروکریٹ اپنے عہدے کا غلط استعمال نہیں کرسکتا۔ سابق چیئرمین نیب کو لاپتہ افراد کمیشن کے عہدے سے ہٹانے کیلئے پی اے سی کی جانب سے سفارش وزیر اعظم کو بھجوائی گئی ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ پی اے سی جس معاملے میں بھی ہاتھ ڈالتی ہے تو عدالتوں سے حکم امتناع آجاتا ہے، مختلف اداروں میں اربوں روپے کی کرپشن کو بے نقاب کرنا پی اے سی کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہاکہ ڈیم فنڈ سے متعلق تفصیلات پیش کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے، اس طرح کے احکامات قابل قبول نہیں ہیں۔

اجلاس میں میں طیبہ گل کیس بھی زیر بحث آیا، چیئرمین کمیٹی نور عالم خان نے کہا کہ کیس بند نہیں کیا جائیگا، ہم اس کی اوور سائٹ بھی کریں گے، یہ مس یوز آف اتھارٹی ہے۔

کمیٹی نے کیس وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کو بھجوا دیا اور معاملے کو وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کا فیصلہ آنے تک مؤخر کردیا۔

اجلاس کے دوران وزارت دفاع کے سال 20-2019 کا بھی جائزہ لیا گیا تاہم اس موقع پر اجلاس کی کارروائی ان کیمرہ کر دی گئی۔

مزید خبریں :