پی ٹی آئی نے حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کیلئے ایک ماہ کا الٹی میٹم دے دیا

اسلام آباد کے جلسے میں ہم انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا الٹی میٹم دیں گے اور ہم ایک ماہ سے زیادہ اس حکومت کو وقت نہیں دے سکتے: فواد چوہدری— فوٹو: فائل
اسلام آباد کے جلسے میں ہم انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا الٹی میٹم دیں گے اور ہم ایک ماہ سے زیادہ اس حکومت کو وقت نہیں دے سکتے: فواد چوہدری— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بڑے جلسے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ ہم  الیکشن کمیشن کےکسی فیصلے اورانتخابات کےعمل پر بھروسہ نہیں رکھتے۔

انہوں نےکہا کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں ہم اسلام آباد میں بڑے اجتماع کی تاریخ دیں گے، اس جلسے میں ہم انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا الٹی میٹم دیں گے اور ہم ایک ماہ سے زیادہ اس حکومت کو وقت نہیں دے سکتے۔

ان کا کہنا تھاکہ اجتماع میں حکومت کو اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ دے دیں گے، حکومت انتخابات کا اعلان نہیں کرتی تو ہمارے اگلے اقدام کیلئے تیار ہوجائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے چیف اورممبران مستعفی ہوں ان پرکسی قسم کا بھروسہ نہیں ہے، ضمنی انتخاب کے شیڈول پر الیکشن کمیشن کو 16 اگست تک انتظار کرنا چاہیے تھا، یہ جس طرح الیکشن کروانا چاہ رہے ہیں اس طرح ممکن نہیں، خالی میدان والی حسرت یہ لے کر نہیں جائیں گے۔

’ ڈرون حملے میں ایمن الظواہری کے مارے جانے پر ہم وضاحت چاہتے ہیں‘

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ افغانستان میں ڈرون حملے میں ایمن الظواہری کے مارے جانے پر ہم وضاحت چاہتے ہیں، وضاحت چاہتے ہیں کہ فضائی حدود یا زمین استعمال ہوئی یا نہیں؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بہت بھاری قیمت ادا کی اب ہم کسی ایسے سودے کا حصہ نہیں بن سکتے، قوم جواب چاہتی ہے کہیں اب ہم پھر سے القاعدہ کے خلاف یا امریکا کا آلہ بننے نہ جا رہے ہوں۔

مزید خبریں :