07 اگست ، 2022
سستے اور کم لاگت ہوائی سفر والی ایک اور نئی انڈین ائیر لائن اکاسا ائیر نے آج سے اپنی سروس کا آغاز کر دیا ہے۔
اکاسا ائیر کی پہلی پرواز اندرون ملک کے لیے تھی، پرواز کیو پی 1101 ممبئی سے احمد آباد سیکٹر پر چلائی گئی، اکاسا ائیر کی پہلی پرواز اتوار 7 اگست کو مقررہ وقت سے 29 منٹ کی تاخیر سے صبح 10 بج کر 34منٹ پر ممبئی ائیر پورٹ سے روانہ ہوئی جو 48 منٹ کی مسافت طے کرکے 11:22 پر منزل پر پہنچی، اس پرواز کے لیے نیا بوئنگ 737 میکس 8 طیارہ استعمال کیا گیا۔
اکاسا ائیر کے مالک بھارت کے ارب پتی تاجر راکیش جھنجھن والا ہیں جنہوں نے بھارتیوں کے لیے سستے اور کم لاگت کے ہوائی سفر کے لیے ایس این وی ایوی ایشن پرائیویٹ لمیٹڈ کے تحت اکاسا ائیر دسمبر 2021 میں قائم کی تھی جس کا ہیڈکوارٹر ممبئی میں ہے۔
ائیر لائن نے اپنا پہلا بوئنگ 737 میکس طیارہ رواں سال اگست میں خریدا، اس وقت اکاسا ائیر کے پاس صرف 2 طیارے ہیں اور کمپنی کے سی ای او ونے دوبے کا کہنا ہے کہ رواں سال کے آخر تک کمپنی کے پاس 18 طیارے ہوں گے، انہوں نے ہر سال 12 سے 14 طیارے اکاسا ائیر میں شامل کرنے کا بھی اعلان کیا، سی ای او کے اعلان کے مطابق آئندہ 5 سال میں ائیرلائن کے پاس 72 طیارے ہوں گے۔