ای سی سی اجلاس میں پی ایس او اور روز ویلٹ ہوٹل سمیت مختلف معاملات کی منظوریاں

ای سی سی کی جانب سے پی ایس او کو 50 ارب روپے قرضے کی فراہمی کیلئے لیٹر آف کنفرٹ جاری کرنے کی منظوری دی گئی/ فوٹو: فائل
 ای سی سی کی جانب سے پی ایس او کو 50 ارب روپے قرضے کی فراہمی کیلئے لیٹر آف کنفرٹ جاری کرنے کی منظوری دی گئی/ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت اکنامک کو آرڈینیشن کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور روز ویلٹ ہوٹل سمیت دیگر اہم معاملات پر فیصلے کیے گئے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے اجلاس کو آگاہی دی گئی کہ پانچ کمرشل بینک حکومتی گارنٹی کی منظوری تک لیٹر  پر قرضہ فراہم کرنے کیلئے رضامند ہیں۔

وزارت خزانہ کی بریفنگ کے بعد ای سی سی کی جانب سے پی ایس او کو 50 ارب روپے قرضے کی فراہمی کیلئے لیٹر آف کمفرٹ جاری کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ وفاقی وزارت خزانہ کے مطابق فنانس ڈویژن پی ایس او کو 105 ارب روپے تک کی گارنٹی فراہم کرے گا۔

ای سی سی اجلاس میں ہوٹل کے معاملات دیکھنے کے لیے قائم کمیٹی کی سفارشات پر روزویلٹ ہوٹل کیلئے 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی بینک گارنٹی کی منظوری دی گئی، وزارت خزانہ کے مطابق قرض کی فراہمی کیلئے حکومت نیشنل بینک کو گارنٹی فراہم کرے گی۔

اعلامیہ کے مطابق ای سی سی اجلاس میں مستقبل میں یوریا کھاد کی قیمت اور ڈیلر مارجن کی پیشگی منظوری لینے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے، 50 کلو یوریا بیگ کی ڈیلر ٹرانسفر پرائس 1805 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

ای سی سی اجلاس کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق 23 جون سے 25 جولائی کے یوریا بیگ اسٹاک پر 145 روپے فی بیگ ڈیلر مارجن علاوہ ہوگا۔

مزید خبریں :