12 اگست ، 2022
اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر یاسین ملک پر تھرڈ ڈگری ٹارچر کیا گیا ہے۔
مشعال ملک نے خارجہ کمیٹی میں دیے گئے بیان میں بھارتی حکومت کی جانب سے یاسین ملک پر کیے جانے والے تشدد پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک نے 25 مئی کی سزا کے خلاف 12 دن کی بھوک ہڑتال کی، ان پر تھرڈ ڈگری ٹارچر کیا گیا ہے۔
مشعال ملک نے کہا کہ میری 8 سال سے اپنے شوہر سے ملاقات نہیں ہوئی اور 5 سال سے فون پر بھی بات نہیں ہوسکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 60 لاکھ نئے ڈومیسائل جاری کیے گئے لیکن میرا ویزا نہیں لگ رہا،درخواست ہے کہ مجھےسفارتی پاسپورٹ دیا جائے۔
دوسری جانب وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بھی یاسین ملک کی گرفتاری سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، او آئی سی کےسیکرٹری جنرل سے ملاقاتوں میں بھی مسئلہ کشمیر کو اجاگرکیا، تاثر جارہا ہے کہ بھارت مسلم دشمن ملک بنتا جارہا ہے۔
وزیر خارجہ نے یاسین ملک کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا۔