وزیرداخلہ نے پولیس کو گِل کے ڈرائیورکی گرفتاری کیلئے بنی گالا پر چھاپے سے روک دیا

ڈرائیور بنی گالا میں ہے اور اس کی گرفتاری کیلئے چھاپےکی ضرورت ہے، آئی جی کی وزیرداخلہ سےگفتگو— فوٹو: فائل
ڈرائیور بنی گالا میں ہے اور اس کی گرفتاری کیلئے چھاپےکی ضرورت ہے، آئی جی کی وزیرداخلہ سےگفتگو— فوٹو: فائل 

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس اسلام آباد کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے بنی گالا پر چھاپے سے روک دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ نے سعودی عرب سے آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر سے ٹیلیفون پررابطہ کیا اور شہباز گل کیس سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرداخلہ نے آئی جی اسلام آباد کو شہباز گل کے ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے بنی گالا پر چھاپے سے روک دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ رانا ثنااللہ نے شہباز گل کے ڈرائیور کی بیوی کی گرفتاری پر بھی آئی جی اسلام آباد سے ناراضی کا اظہار کیا۔

آئی جی نے وزیرداخلہ سےگفتگو میں بتایا کہ ڈرائیور بنی گالا میں ہے اور اس کی گرفتاری کیلئے چھاپےکی ضرورت ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بنی گالا کے مکینوں سے ملزم ڈرائیور کی حوالگی سے متعلق معاملہ طےکیا جائے۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ عدم تعاون پر مجھے آگاہ کیاجائے اور بنی گالا پر چھاپے سے پہلے اجازت لی جائے، شہباز گل کا لیپ ٹاپ اور موبائل برآمد کرنے کیلئے ڈرائیور کو ہر صورت پکڑا جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ چھاپے کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کا مکمل خیال رکھا جائے، گرفتاری اور شواہد اکٹھا کرنے کے دوران قانون کی مکمل پاسداری کی جائے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ گھریلو خواتین کو گرفتار کرناہماری حکومت یا مسلم لیگ (ن) کی پالیسی اور روایت نہیں، ایسے کسی بھی عمل کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاسکتی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو بنی گالا چوک سے گرفتار کیا گیا تھا، ان پر اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات دینے اور ان کے سربراہوں کے خلاف بغاوت پر اکسانے سمیت 10 سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔

دو روز قبل اسلام آباد کے ڈیوٹی مجسٹریٹ نے شہباز گل کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا تاہم آج عدالت نے ان کے مزید جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

مزید خبریں :