13 اگست ، 2022
کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نےکارروائی کرتے ہوئے 2022 کی سب سے بڑی چوری کا مرکزی ملزم گرفتار کرلیا۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ایس آئی یو عارف عزیز کے مطابق ملزم کے قبضے سے 2کروڑ 75 لاکھ روپے برآمد ہوئے ہیں، اس کے علاوہ کروڑوں روپے مالیت کے ہیرے اور سونے چاندی کے زیورات بھی قبضے میں لیےگئے ہیں، نقد رقم میں پاکستانی، امریکی، سعودی، اماراتی، برطانوی اور یورو کرنسی شامل ہے۔
ایس ایس پی عارف عزیز کے مطابق رواں سال 27 اپریل کو کلفٹن کے ایک بنگلے میں واردات کی گئی تھی،گھر کا مالک پوری فیملی سمیت عمرے کی ادائیگی کے لیےگیا ہوا تھا، عمرے سے واپسی پر7 مئی کو انہیں چوری کا پتہ چلا۔
ملزم کے بارے میں بتایا گیا ہےکہ وہ 2017 میں ایک بلڈر اینڈ ڈویلیپرز آفس میں بطور سیکرٹری کام کرتا تھا، آفس میں چوری کرنے پر مالکان نے نوکری سے نکال کر گرفتار کروادیا۔
ایس ایس پی کا کہنا ہےکہ ملزم 27 رمضان کو بنگلے میں داخل ہوا اور دو دن تک اندر رہا، 29 رمضان کو سحری کے وقت آن لائن ٹیکسی کے ذریعے ائیرپورٹ روانہ ہوا، ائیر پورٹ پر اترنے کے بعد ٹیکسی کے جاتے ہی واپس اپنے گھر پہنچ گیا،گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔