18 اگست ، 2022
پشاور کی مختلف مارکیٹوں میں زائد المیعاد امپورٹڈ فوڈ آئٹمز کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔غیرملکی چاکلیٹس، چپس، بسکٹس ،خشک دودھ سمیت دیگر اشیاء پر درج تاریخیں بدل کر شہریوں کی صحت سے کھیلا جا رہا ہے۔
غیرملکی چاکلیٹس، چپس، بسکٹس خریدنے والے محتاظ ہو جائیں ، پشاور کی بعض مارکیٹوں میں زائد المیعاد اشیاء کی فروخت جاری ہے۔ایک منظم گروہ مختلف گوداموں اور اسٹوروں سے زائد المعیاد اشیاء سستے داموں خرید کر ان کی تاریخیں تبدیل کر کے مارکیٹ میں دوبارہ فروخت کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے 3 افراد کو گرفتار بھی کیا ہے، ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ زائد المعیاد فوڈ آئٹمز کو شہر کی مختلف مارکیٹوں میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
ڈائریکٹر ٹیکنیکل اینڈ سائنٹیفک افیئرز فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر عبدالستار شاہ کا کہنا ہے کہ مختلف کمپنیوں کی تیار کردہ اشیاء کے پیکٹس اور ڈبوں پر ایکسپائری ڈیٹس ایک چھوٹی سی مخصوص مشین کے ذریعے تبدیل کر دی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ زائد المیعاد فوڈ آئٹمز کی فروخت کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے اور اب تک کئی کامیاب کارروائیوں میں بڑی مقدار میں ایسی مضر صحت اشیاء خو ردو نوش برآمد کی گئی ہیں۔