23 اگست ، 2022
قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین آفتاب سلطان نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ کیس میں نیب افسران ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوں گے۔
پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نورعالم خان کی زیرصدارت ہوا جس میں نئے چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں آفتاب سلطان کا کہنا تھاکہ براڈ شیٹ کا کیس 2010 میں رجسٹرڈ ہوا، براڈ شیٹ کیس میں 3.7 ملین ڈالر کی رقم ہے، اپریل 2021 میں براڈ شیٹ کیس ایف آئی اے کو بھیجا گیا۔
ایف آئے حکام کا کہنا تھاکہ نیب نے ایف آئی اے کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا تھا اور کہا کہ کیس کی تحقیقات ایف آئی اے کے دائرہ اختیار میں نہیں، دائرہ اختیار کی بات کے بعد اس کیس میں پیشرفت رک گئی۔
چیئرمین نیب کا کہنا تھاکہ میں اس کیس میں ایف آئی سے ہونے والی خط و کتابت واپس لیتا ہوں، براڈ شیٹ کیس میں نیب افسران ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوں گے۔