ایپل کا آئی فون 14 کی پروڈکشن چین کے ساتھ بھارت میں بھی کرنے کا فیصلہ

نیا آئی فون ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے / رائٹرز فوٹو
نیا آئی فون ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے / رائٹرز فوٹو

ایپل کے نئے آئی فونز ستمبر میں متعارف کرائے جائیں گے جس کے کچھ عرصے بعد ہی اس امریکی کمپنی نے ڈیوائسز کو بھارت میں تیار کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل نے آئی فون 14 سیریز کو متعارف کرائے جانے کے 2  ماہ بعد ڈیوائسز کی پروڈکشن چین کے ساتھ ساتھ بھارت میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سے قبل نئے آئی فونز متعارف کرانے کے 6 سے 9 ماہ بعد ان کی پروڈکشن چین سے باہر کی جاتی تھی۔

کمپنی کی جانب سے سپلائرز کے ساتھ مل کر بھارت میں فونز کی تیاری کے عمل کو تیز کیا جارہا ہے۔

ستمبر میں متعارف کرائے جانے کے بعد بھارت میں آئی فون 14 کی تیاری اکتوبر کے آخر یا نومبر میں شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

ایپل کے اہم سپلائر فوکس کون نے چین سے پرزہ جات کو منتقل کرکے بھارت کے ایک پلانٹ میں آئی فون 14 اسمبل کرنے کے عمل کی جانچ پڑتال بھی کی ہے۔

ایپل کی جانب سے یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا ہے جب بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے جبکہ چین میں کووڈ لاک ڈاؤنز سے بھی پروڈکشن متاثر ہوتی ہے۔

ایپل کی جانب سے اس حوالے سے ابھی کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

ایپل کی جانب سے پہلے ہی کچھ حد تک چین سے باہر مختلف ممالک جیسے بھارت میں آئی فون پروڈکشن کی جارہی ہے۔