11 ستمبر ، 2022
ملک بھر میں ڈینگی اور موسمی بخار کے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری جانب بخار کی گولیوں کی قلت مارکیٹ میں مسلسل برقرار ہے۔
لاہور میں بخار کی گولیوں کی قلت کے باعث مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ادھر خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے وار جاری ہیں، صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، ڈینگی کے بڑھتےکیسز کے پیش نظر پشاور میں بخار کی ادویات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، بخارکی گولیوں کے پتےکی قیمت 17 روپے سے بڑھ کر 30 روپے ہوگئی ہے جب کہ بعض میڈیکل اسٹورز پر بخار اور سردرد کی ادویات بھی دستیاب نہیں۔
میڈیکل اسٹور مالکان کا کہنا ہےکہ بخارکی گولیوں کا پرانا اسٹاک موجود ہے، نیا اسٹاک نہیں آرہا، مارکیٹ میں ادویات سپلائی نہیں ہو رہیں، ادویات بلیک میں بھی فروخت ہو رہی ہیں۔
بلوچستان میں بھی کورونا کے ساتھ ڈینگی کے مریض بھی سامنے آرہے ہیں اور یہاں بھی ادویات کی مارکیٹس میں بخار میں استعمال ہونے والی گولیاں ایک ماہ سے غائب ہیں۔