Time 16 ستمبر ، 2022
کھیل

فخر زمان بھی اپنے ٹکٹ اور اخراجات پر علاج کروانے لندن جا رہے ہیں: عاقب جاوید

عاقب جاوید نے کہا کہ فخر زمان کی انجری ایک معمہ ہے، سمجھ نہیں آیا وہ کیسے ان فٹ ہوگئے: ڈائریکٹر کرکٹ لاہور قلندرز عاقب جاوید— فوٹو: فائنل
عاقب جاوید نے کہا کہ فخر زمان کی انجری ایک معمہ ہے، سمجھ نہیں آیا وہ کیسے ان فٹ ہوگئے: ڈائریکٹر کرکٹ لاہور قلندرز عاقب جاوید— فوٹو: فائنل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ عاقب جاوید نے انکشاف کیا ہے کہ فخر زمان بھی اپنے ٹکٹ اور اخراجات پر علاج کروانے لندن جا رہے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام اسکور میں گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ فخر  زمان اپنے ٹکٹ اور اخراجات پر علاج کروانے لندن جا رہے ہیں، پی سی بی ایک ذمہ دار ادارہ ہے، کام کرنے کا طریقہ کار غیر ذمہ دارانہ ہے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ فخر  زمان کی انجری ایک معمہ ہے، سمجھ نہیں آیا وہ کیسے ان فٹ ہوگئے، ایشیا کپ فائنل کے بعد کوئی پریکٹس سیشن نہیں ہوا، فخر کیسے ان فٹ ہوئے؟

یاد رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی سےگفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے انکشاف کیا تھا کہ شاہین اپنے پیسوں پر انگلینڈ میں رکا ہوا ہے، ڈاکٹر سے رابطہ بھی میں نے یہاں سے کروا کر دیا، اس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کچھ نہیں کر رہا۔

فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی گھٹنے میں زخم کے باعث سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے تھے جس کے بعد وہ ایشیا کپ میں بھی شرکت نہیں کر سکے اور اب شاہین انگلینڈ کے خلاف سیریز کا بھی حصہ نہیں ہوں گے البتہ انہیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :