26 نومبر ، 2012
کوئٹہ … کوئٹہ کے سنڈیمن ہیڈ کوارٹرز اسپتال میں ڈاکٹروں نے ہڑتال ختم کرکے شعبہ ایمرجنسی کھول دیا، صدر بی ایم اے کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے ہڑتال ختم نہیں کی ۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے سنڈیمن ہیڈ کوارٹر اسپتال کی ایمرجنسی میں ڈاکٹرز نے ہڑتال ختم کردی اور شعبہ کھول دیا ہے جبکہ ایمرجنسی کے انچارج اور دیگر ڈاکٹرز ڈیوٹیوں پر حاضر ہوگئے ہیں۔ ہڑتال کے خاتمے کے بعد پیرامیڈیکل اسٹاف بھی شعبہ حادثات میں ڈیوٹیوں پر آگیا۔ ڈی سی کوئٹہ کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی کوششوں کے باعث اسپتال میں ایمرنسی کو فعال کیا گیا ہے۔ دوسری جانب صدر بلوچستان میڈیکل ایسو سی ایشن کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے ہڑتال ختم نہیں کی ہے۔واضح رہے کہ ڈاکٹروں کے قتل اور اغواء کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف کوئٹہ کے ڈاکٹرز کئی روز سے ہڑتال پر تھے جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔