ہونٹوں پر لال مرچ لگانےکا طریقہ بتانے پر شائستہ لودھی نالاں

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

معروف ٹی وی میزبان اور اداکارہ ڈاکٹر شائستہ لودھی نے سوشل میڈیا انفلوئنسر دنانیر کی جانب سے ہونٹوں پر لال مرچ پاؤڈر لگانے کے عمل کی سختی سے مخالفت کی ہے۔

دراصل کچھ روز قبل دنانیر نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے ہونٹوں کو نمایاں کرنے (lip plumper)  کا طریقہ بتایا جس میں انہوں  نے ویزلین میں لال مرچ پاؤڈر ملاکر لگایا۔

دنانیر کی اس ویڈیو پر جہاں سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کی وہیں ڈاکٹر شائستہ لودھی نے بھی سختی سے اسے گھر میں نہ کرنے کا مشورہ دیا۔

شائستہ لودھی نے دبئی میں مقیم سوشل میڈیا انفلوئنسر کین ڈول اور علی سفیان واصف کے ساتھ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا 'آج کل جس کے پاس موبائل ہے وہ ڈاکٹر اور انفلوئنسر بن جاتا ہے، یہ بہت خطرناک ہے، برائے مہربانی اسےگھر میں نہ کریں'۔

انہوں نے کہا 'لال مرچیں براہ راست ہونٹوں پر ہرگز نہ لگائیں، میں ڈاکٹر بنی ہوں تو کسی طریقہ کار کے تحت بنی ہوں، اسی لیے ایسی چیزیں گھر میں نہ کریں'۔

واضح رہے کہ اپنی ویڈیو کے کیپشن میں دنانیر نے لکھا تھا کہ 'یہ طریقہ انتہائی تکلیف دہ ہے لیکن کارآمد بھی ہے، اسے گھر میں نہ کریں'۔

مزید خبریں :