20 ستمبر ، 2022
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان اور فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے توہین الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹسز چیلنج کردیے۔
عمران خان اور فواد چوہدری کی جانب سے ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے توہین الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹسز لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں چیلنج کیے۔
عمران خان اور فواد چوہدری نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو توہین عدالت کا اختیار حاصل نہیں، آئین کے مطابق عدالتی اختیارات انتظامی اداروں کو تفویض نہیں کیے جاسکتے۔
درخواست کے متن کے مطابق الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹسز آئین و قانون کے خلاف ہیں، الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ اپنے خلاف مبینہ توہین کے مقدمے کے خود جج ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹسز کو کالعدم قرار دیا جائے۔
دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہے اور جسٹس جواد حسن عمران خان اور فواد چوہدری کی درخواست پر کل سماعت کریں گے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسدعمر اور فواد کو توہین الیکشن کمیشن کے نوٹسز جاری کیے تھے اور انہیں 27 ستمبر کو دوبارہ طلب کر رکھا ہے۔
تحریک انصاف کے تینوں رہنماؤں کو الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کی توہین کے معاملے پر طلب کیا گیا ہے۔
نوٹس کے متن کے مطابق عمران خان نے 18 جولائی کو عوام سے خطاب میں بھی توہین آمیز ریمارکس اور الزامات لگائے، اس کے علاوہ انہوں نے 21 اور 27جولائی کو بھی چیف الیکشن کمشنر کےخلاف توہین آمیز ریمارکس دیے۔