پاکستان
Time 21 ستمبر ، 2022

آرمی چیف کی تعیناتی پر بےچینی صرف عمران خان کو ہے، وزیردفاع خواجہ آصف

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی پر بےچینی صرف عمران خان کو ہے، نہ اس ادارے کو ہے، جس کا چیف اپوائنٹ ہونا ہے، نہ حکومت کو  ہے۔ 

 جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف  نے کہا کہ اس ایک اشو پر اگر پی ٹی آئی والے اسلام آباد آکر بیٹھیں گے تو اس سے بڑی ملک دشمنی کیا ہوسکتی ہے۔آجائیں کوئی بات نہیں، تعیناتی وقت پر ہی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اگر آرمی چیف کی تعیناتی سے ہم بھی سیاسی امیدیں وابستہ کریں تو ہم بھی بےوقوفی کریں گے،ہمیں یہ تعیناتی سیاسی حالات کی غیر یقینی کے تابع نہیں کرنی چاہیے۔ 

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ کی تعیناتی سے پہلے 2 نومبر 2016 کو عمران خان نے دھرنا دینا تھا،اس لیے بعض لوگوں نے میرے ذریعے نوازشریف کو مشورہ دیا کہ اکتوبر کے آخر میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی کردیں تا کہ عمران خان کے دھرنے سے ہوا نکل جائے مگر نوازشریف نے انکار کرتے ہوئے جواب دیا کہ میں چاہتا ہوں کہ جنرل راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ باوقار طریقے سے ہو۔

انہوں نے کہا کہ دوبارہ وہی صورتحال ہے اور اپنے وقت پر ہی تعیناتی ہوگی۔

مزید خبریں :