22 ستمبر ، 2022
وزارتِ خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے دورہ پاکستان کے دوران پروٹوکول کی خلاف ورزیوں پر سندھ پولیس کے اسپیشل یونٹ پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
وزارت خارجہ نے چیف سیکرٹری کو مراسلہ لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ اسپیشل سکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) افسر زبردستی سیکرٹری جنرل کے کمرے میں داخل ہوئے، تحائف دینے کی تصاویر بنوائیں۔
خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ اسپیشل برانچ کے اہلکاروں نے مہمانوں کے کمروں کے قریب ڈیوٹی تک نہیں دی۔
وزارت خارجہ کی جانب سے خط موصول ہونے کے بعد چیف سیکرٹری سندھ نے آئی جی سندھ اور سیکرٹری داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سیکرٹری نے خط میں لکھا ہے کہ ایس ایس یو اور اسپیشل برانچ سے متعلق وزارت خارجہ کےتحفظات پر رپورٹ بنائی جائے، صورتحال سے متعلق ابتدائی تحقیقات کر کے معلومات فراہم کریں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ تھے۔
یو این سیکرٹری جنرل کےکمرےمیں بغیراجازت ایس ایس یو اہلکاروں کے داخلے کے معاملے پر آئی جی سندھ نے کراچی پولیس چیف کو انکوائری کا حکم دے دیا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ ایس ایس یو اہلکاروں کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، پروٹوکولز میں مداخلت بالکل درست نہیں ہے، اب تک کی تحقیقات کے مطابق کوئی سینیئر افسر اس میں ملوث نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پولیس چیف انکوائری کر کے مجھے رپورٹ دیں گے۔