24 ستمبر ، 2022
پاکستان کے وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر شادی کے بارے میں بھی سوال کیا گیا۔
بلاول بھٹو جو کہ رواں ماہ ہی 34 برس کے ہوئے ہیں، ان کی شادی کے حوالے سے چاہنے والوں اور عوام کو خاصی دلچسپی رہتی ہے کہ یہ رشتہ ازدواج میں کب منسلک ہوں گے اور کون خاتون بلاول کی شریک حیات بنیں گی، تاہم اب وزیر خارجہ سے ایک غیر ملکی صحافی نے بھی یہی سوال پوچھا۔
صحافی اور بلاول بھٹو کی اس مختصر گفتگو کی ویڈیو عرب نیوز نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی جس میں صحافی نے بڑے تجسس سے سوال کیا 'میرے پاکستانی دوست پوچھ رہے ہیں کہ کیا آپ کا شادی کا کوئی ارادہ ہے؟'
بلاول بھٹو زرداری نے جواب میں مسکراتے ہوئے کہا کہ ’بالکل، میرا شادی کرنے کا ارادہ ہے لیکن مجھے کوئی جلدی نہیں‘۔
تاہم بلاول یہ مختصر جواب دینے کے بعد صحافی کے شادی کرنے کے وقت سے متعلق سوال کا جواب دیے بغیر ہی فوراًَ آگے بڑھ گئے اور شادی کے وقت کے حوالے سے کچھ نہ کہا۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے 2019 میں پیشگوئی کی تھی کہ بلاول 2023 میں وزیر اعظم بننے کے بعد شادی کر لیں گے۔
اس سے قبل 2016 میں بلاول بھٹو نے اپنی ہونے والی دلہن کے بارے میں کیے گئے سوال کے جواب میں کہا تھا کہ ’ میری شادی اس لڑکی سے ہوگی جو سب سے پہلے میری بہنوں کا دل جیتے، مجھے اس حوالے سے بہنوں کو اعتماد میں لینا ہوگا‘۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ’میری بہنوں کا دل جیتنا کسی بھی لڑکی کے لیے کافی مشکل کام ہوگا‘۔