26 ستمبر ، 2022
انگلینڈ کے خلاف 19 ویں اوور میں 2 گیندوں پر 2 کھلاڑی آؤٹ کر کے پاکستان کو جیت کے قریب کرنے والے حارث رؤف کا کہنا ہے کہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں پاکستان میچ جیتا۔
انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی کے بعد حارث رؤف نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہمیشہ سوچتے ہیں کہ کبھی ہار نہیں ماننی۔
انہوں نے کہا کہ بیٹرزکے خلاف پہلے ہی پلان کر رہا تھا، 19ویں اوور میں اسی پلان کے مطابق بال کی اور وکٹیں ملیں، حسنین نے پاور پلے میں اہم وکٹیں لیں ،وہ ٹرننگ پوائنٹ تھا۔
حارث رؤف کا کہنا تھا کہ کسی بھی پلیئر پر برا وقت آسکتا ہے، ہم نے ہر کھلاڑی کو بیک کرنا ہے،شروع میں جو بھی کھلاڑی آتا ہے اس کو مشکل ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بولنگ کوچ شان ٹیٹ نے جس طرح ہمیں سکھایا اس سے بہت مدد ملی،کرکٹ میں اوپر نیچے پرفارمنس ہوتی رہتی ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے مزید کہا کہ کراؤڈ کا بڑا کردار ہے، جب اپنے ہوم گراؤنڈ پرکھیلتے ہیں تو بڑی سپورٹ ملتی ہے، کراچی کے فینز نے بہت سپورٹ کیا۔
گزشتہ روز7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 3 رنز سے شکست دی۔
ہدف کے تعاقب میں ایک وقت پر انگلش ٹیم جیت کے بالکل قریب پہنچ گئی تھی، انگلینڈ کو 10 گیندوں پر 5 رنز درکار تھے جبکہ 3 وکٹیں اس کے ہاتھوں میں تھیں۔
تاہم پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف نے اگلی 2 گیندوں پرسیٹ بیٹر لیام ڈاؤسن کو کیچ اور اولی اسٹون کو شاندار یارکر پر آؤٹ کرکے پاکستان کو جیت کے قریب کیا۔
انگلینڈ کو آخری اوور میں جیت کیلئے 4 رنز جبکہ پاکستان کو ایک وکٹ درکار تھی تاہم 20ویں اوور کی دوسری گیند پر شان مسعود نے ٹوپلی کو رن آؤٹ کرکے پاکستان کو 3 رنز سے کامیابی دلوادی۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف 4 اوورز میں 32 رنز دے کر 3 کھلاڑی آؤٹ کرنے پر حارث رؤف کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔