07 اکتوبر ، 2022
پاکستان جونیئر لیگ کے پہلے ہی روز کئی ایک نوجوان کرکٹرز نے توجہ اپنی طرف مبذول کرائی جن میں ایک مردان وارئیرز کے فاسٹ بولر ایمل خان بھی ہیں۔
پاکستان جونیئر لیگ کے پہلے میچ میں مردان وارئیر نے گوجرانوالا جائنٹس کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔
مہمند سے کرکٹ کھیلنے کا آغاز کیا: ایمل خان
ایمل خان کی تیز گیندوں اور یارکرز نے سب کو متاثر کیا ہے، ایمل نے گوجرانوالا جائنٹس کے خلاف4 اوورز میں 15 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
ایمل خان نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ ان کا تعلق مہمند سے ہے اور انہوں نے وہاں سے کرکٹ کھیلنے کا آغاز کیا اور پھر لاہور کی اکیڈمی لائنز کرکٹ میں شامل ہوگئے اور اب یہی کھیلتے ہیں۔
عامر کی ویڈیوز دیکھ کر سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں: فاسٹ بولر
ایمل خان نے بتایا کہ وہ فاسٹ بولر محمد عامر سے متاثر ہیں، وہ ان کے فیورٹ بولر ہیں۔ ان کی ویڈیوز دیکھ کر سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
نوجوان فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ ہدف ایک ہی ہے کہ پاکستان کی طرف سے کھیلنا ہے اور اس کے لیے سخت محنت کر رہا ہوں، اس ٹورنامنٹ میں اچھا کھیلوں گا سب کی توجہ حاصل کروں گا اور آگے بڑھوں گا۔
ایمل نے مزید کہا کہ پاکستان جونیئر لیگ شروع کرنے پر چیئرمین رمیز راجا کے مشکور ہیں، لیگ میں ہمیں اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع ملے گا اور یہ ہم سب کے کیرئیرز کے لیے بہت اچھی ثابت ہو گی۔